بھٹکل :6؍جون(ایس اؤ نیوز) بھٹکل کے کانگریسی لیڈران بالخصوص سابق رکن اسمبلی منکال وئیدیا کی بی جے پی سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی سنیل نائک پر کڑی تنقید پر بوکھلائی بی جے پی نے پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے سنیل نائک کا دفاع کرنے کی کوشش کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ بھٹکل کے رکن اسمبلی سنیل نائک ہمیشہ عوام کے ساتھ رہتے ہوئے ان کے مسائل کو حل کرنے میں مشغول ہیں۔
پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے بی جے پی منڈل صدر سبرائے دیواڑیگا نےکہاکہ بی جے پی کے رکن اسمبلی سنیل نائک اپنے حلقہ میں بہترین کام انجام دے رہے ہیں، کئی ایک گرام پنچایتوں کے دورے کررہےہیں، ٹاسک فورس کے ساتھ میٹنگ منعقد کرتے ہوئے کورونا کو کنٹرول کے لئے کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ ایمبولنس کا مسئلہ پیدا ہواتو خود اپنے خرچ پردو ایمبولنس مہیا کئے ہیں۔ اس کے علاوہ اپنے حلقہ کی ترقی کے لئے مختص فنڈ میں سے سہولیات سے آراستہ دو ایمبولنس فراہم کئے ہیں۔ کورونا کو لے کر ڈاکٹروں اور افسران کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر آسانیاں فراہم کررہے ہیں۔ حالیہ طوفان سے جو مقامات متاثر ہوئے تھے وہاں ریاستی وزراء کے ساتھ دورہ کرتےہوئے لوگوں کا حال دریافت کرتے ہوئے انہیں بھی امداد پہنچائی ہے۔
بی جے پی صدر الزام لگایا کہ رکن اسمبلی جب یہ سب کچھ کررہے ہیں تو سابق رکن اسمبلی سیاست کرنے میں مگن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح برسراقتدار حکومت عوام پر توجہ دے رہی ہے اسی طرح حزب مخالف کے طورپر منکال کو بھی چاہئے کہ وہ بھی لوگوں کی مدد کریں۔ منکال وئیدیا سے مخاطب ہوتے ہوئے بی جے پی صدر نے کہا کہ جب تم نے پچھلے برس عوام کی مدد کی تھی تو ہمارے رکن اسمبلی نے کھلے دل سے تمہاری ستائش کی تھی ، پریشانیوں کے دورمیں سیاست نہیں کی جاتی ، الیکشن کے لئے ابھی دوسال باقی ہیں، تب ہم سب سیاست کریں گے ، خوامخواہ رکن اسمبلی کے متعلق افواہوں کو نہ پھیلائیں اور عوام کی خدمت کریں۔
سابق منڈل صدر راجیش نائک نے بھی سابق رکن اسمبلی کے الزامات پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ کہیں بھی راشن کٹ کی کمی نہیں ہوئی ہے، سابق وزیر دیش پانڈے نے اپنے خرچ پر جو دوائیاں اور پی پی ای کٹ تقسیم کئے ہیں وہ قابل مبارکباد ہے۔ اسی کو استعمال کرتےہوئے حکومت ناکام ہونے اور رکن اسمبلی کو تلاش کرنےکا الزام لگانا بے معنی ہے۔ یوتھ لیڈر پرمود جوشی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بی جےپی کے نائب صدر داسا نائک، جنرل سکریٹری بھاسکر دئیمنے ، مہیندر نائک، سنتوش نائک، منجوناتھ موگیر، شنیار موگیر وغیرہ موجود تھے۔